شادی تقریبات میں میوزیکل نائٹ پولیس کے چھاپے ، مقدمات درج
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) تھانہ صدر کوٹ ادو اور تھانہ صدر سرور شہید کے مختلف علاقوں میں شادی کی تقریبات کے دوران اونچی آواز میں موسیقی، مجرا، خواجہ سرا ڈانس اور آتش بازی کی اطلاعات پر پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے مقدمات درج کر لیے ہیں۔
بستی چھتے والا موضع کھائی دوئم میں منظور حسین کے بیٹے محمد شہزاد کی جاگا کی رسم کے دوران مبینہ طور پر اونچی آواز میں موسیقی اور مجرا جاری تھا۔ پولیس کے پہنچنے پر دولہا محمد شہزاد ساؤنڈ سسٹم لے کر فرار ہو گیا۔ جبکہ محمد سیف اللہ، فخر زمان اور عابد حسین کو قابو کر لیا گیا۔ پولیس نے موقع سے دو ڈیک قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا۔دوسرے واقعہ میں بستی جھانب موضع بیٹ انگڑا میں شادی کی تقریب کے دوران مبینہ خواجہ سرا ڈانس اور اونچی آواز میں موسیقی پر کارروائی کرتے ہوئے ساؤنڈ سسٹم قبضے میں لے لیا گیا جبکہ متعدد افراد موقع سے فرار ہو گئے ۔ اسی طرح چک نمبر 650 ٹی ڈی اے میں مہندی کی تقریب کے دوران غیر قانونی آتش بازی پر دفعات 285 اور 286 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔