خواجہ شفیق کا تاجروں سے اتحاد، میرٹ اور حقوق پر زور
ملتان (لیڈی رپورٹر) چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران و سرپرستِ اعلیٰ جنوبی پنجاب تنظیم خواجہ محمد شفیق نے تاجروں پر زور دیا ہے کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اتحاد قائم کریں، میرٹ کو فروغ دیں اور اپنے حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد کریں۔ انہوں نے یہ بات پاک یونین انجمن تاجران عثمان غنی روڈ سمیجہ آباد کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر صدر رانا عثمان، رانا محمد رفیق، سابق ایم پی ایز حاجی جاوید اختر، ڈاکٹر اختر ملک، سید بابر شاہ، رانا اصغر، طاہر ڈوگر، صمد ڈوگر، رانا علی اکبر اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا جبکہ گروپ لیڈر ملک طاہر ڈوگر نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔خواجہ شفیق نے کہا کہ ہر ماہ نئے محکموں کے قیام سے تاجروں کی مشکلات بڑھ رہی ہیں، حکومت کو چاہیے کہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و استحکام سے ہی معیشت مضبوط ہو سکتی ہے ۔