رکشہ ڈرائیورز کا مہنگی ایل پی جی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
ملتان (لیڈی رپورٹر) پاسبان رکشہ ٹیکسی ڈرائیورز یونین رجسٹرڈ پنجاب ملتان ضلع کے زیر اہتمام ایل پی جی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافے کے خلاف عزیز ہوٹل چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے کی قیادت ضلعی صدر پرویز اقبال بودلہ، نائب صدر ملک عمران ساجد، جنرل سیکرٹری سید مبشر اور فنانس سیکرٹری ملک ناصر سلیم نے کی جبکہ دیگر رہنماؤں اور ڈرائیورز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین نے ایل پی جی مافیا کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور قیمتوں میں ناجائز اضافے کو مسترد کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر پرویز اقبال بودلہ نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ایل پی جی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ جاری ہے جس سے رکشہ ڈرائیورز کا کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے ۔