عوامی کچہری میں مسائل کے انبار، فوری اقدامات کا مطالبہ
عوامی کچہری میں مسائل کے انبار، فوری اقدامات کا مطالبہمیاں چنوں میں ریلوے ، واپڈا اور ریونیو مسائل پر شدید تشویش کا اظہار
میاں چنوں (تحصیل رپورٹر) عوامی کچہری میں شہریوں نے اپنے مسائل کے انبار لگا دیے اور منتخب نمائندوں سے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا۔ کچہری میں شہر بھر سے شہریوں، سماجی، سیاسی اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کھل کر اپنے مسائل، تحفظات اور تجاویز پیش کیں۔ خاص طور پر ریلوے لائن کے پار آباد آبادیوں کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے کہا کہ ریلوے پھاٹک کی طویل بندش شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث ہے جبکہ اوور ہیڈ برج کی عدم تعمیر اور زیر تعمیر انڈر پاس میں سست روی نے روزمرہ زندگی متاثر کر رکھی ہے ۔ منتظم میاں سجاد نازش نے خطاب میں محکمہ ریونیو میں مبینہ کرپشن اور واپڈا کی جانب سے ناجائز یونٹس ڈال کر اضافی بل بھیجنے کے الزامات پر شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ کچہری میں مختلف شخصیات نے سرکاری اداروں میں بدانتظامی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے فوری اصلاحات کا مطالبہ کیا اور منتخب نمائندوں سے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا۔عوامی کچہری میں صدر متحدہ شہری محاذ چوہدری محمد منشاء کھکھ، ایاز محمود گیلانی، رانا رضوان، لطیف رضا، امجد بندیشہ، قاضی سعید احمد، ڈاکٹر جبار اکرم، زبیر سلیم سید ساجد گیلانی، نواب عمر حبیب، نواب اشعر حبیب، عمیر حیدری، مدثر عمران بھٹہ، چوہدری نفیس اشرف، میاں محمد عاشق بھوڑ ، حسن رضا شاہ ایڈووکیٹ، عرفان ڈوگر، یاسین بزمی، مرزا احمد علی، رانا ندیم کونسلر، قمر فاروق سمیت دیگر شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی۔