سائلین کے مسائل کا فوری حل پہلی ترجیح، وفاقی محتسب
ملتان (لیڈی رپورٹر) وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے تمام ریجنل آفسز کے افسروں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائلین کے مسائل کا فوری اور مؤثر حل ادارے کی اولین ترجیح ہے ۔
انہوں نے وفاقی محتسب میں آئی آر ڈی کے تحت درج ہونے والی شکایات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور شکایات کے غیر رسمی اور تیز رفتار ازالے کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔اس موقع پر تمام ریجنل آفسز کے افسروں کے ساتھ ایک اہم ویڈیو لنک اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں نوید کامران بلوچ نے شکایات کے غیر رسمی طریقہ کار کو مزید جامع اور مؤثر بنانے کے لیے چار روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کا مقصد افسروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی ہے ۔وفاقی محتسب نے کہا کہ ادارہ اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں غیر معمولی بہتری لا رہا ہے اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب پہلے ہی عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے اور مستقبل میں اس نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔نوید کامران بلوچ نے اس امر پر خصوصی زور دیا کہ غریب اور عام آدمی کو بروقت انصاف کی فراہمی ادارے کا بنیادی مقصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سطح پر شفافیت، دیانت داری اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے جامع اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ سائلین کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔