ایم ڈی اے نے فاطمہ جناح ٹاؤن اراضی واگزار کرالی
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ایم ڈی اے انتظامیہ نے فاطمہ جناح ٹاؤن ایچ بلاک کی 207 کنال اراضی کا قبضہ واگزار کرا لیا۔۔۔
یہ اراضی 2009 سے عدالتی حکم امتناعی کے باعث متنازعہ تھی، تاہم گزشتہ روز عدالت عالیہ کی جانب سے حکم امتناعی خارج ہونے کے بعد کارروائی کی گئی۔ایم ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، اسٹیٹ اینڈ لینڈ مینجمنٹ اور انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 207 کنال رقبہ کا قبضہ واگزار کرایا۔ کارروائی کے دوران متعلقہ افسر موقع پر موجود رہے جن میں ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس/ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ لینڈ فرحان مجتبیٰ اور ڈائریکٹر انفورسمنٹ محمد عمران شامل تھے ۔واگزار کرائی گئی اراضی پر فاطمہ جناح ٹاؤن کی سکیورٹی کیلئے سول ڈیفنس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے ۔ حکام کے مطابق حکم امتناعی کے باعث ایچ بلاک میں ترقیاتی کام اور الاٹیز کے معاملات متاثر ہو رہے تھے ۔ایم ڈی اے حکام نے کہا کہ قبضہ واگزار ہونے کے بعد ترقیاتی کام جلد شروع کیا جائے گا تاکہ متاثرہ الاٹیز کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔