صوبائی بجٹ اشرافیہ کیلئے ، عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا:الخدمت
تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ناکافی، بجٹ پر نظرثانی کی جائے ، ضلعی صدر وہاڑی
وہاڑی(خبر نگار،نمائندہ خصوصی )ضلعی صدر الخدمت وہاڑی سید جاوید حسین شاہ نے کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی نے صوبائی بجٹ کو مسترد کر دیا ہے اور وفاقی بجٹ کی طرح صوبائی بجٹ بھی اشرافیہ کے لیے بنایا گیا ہے جبکہ تنخواہوں اور پنشن میں معمولی اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا مالی سال 2026-27 کا بجٹ عوامی توقعات، زمینی حقائق اور مہنگائی سے متاثرہ طبقات کی ضروریات کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ 5903 ارب روپے کے بڑے بجٹ کے باوجود عام آدمی، مزدور، کسان، سرکاری ملازمین، پنشنرز اور نوجوانوں کے لیے کوئی مؤثر ریلیف موجود نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صحت، تعلیم، زراعت اور روزگار کے شعبوں میں وسیع سرمایہ کاری کی ضرورت تھی، تاہم حکومت کا کردار مایوس کن رہا۔ بجٹ میں صرف اعداد و شمار پیش کیے گئے جبکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفاف عملدرآمد بھی نظر نہیں آتا۔سید جاوید حسین شاہ نے تنخواہوں اور پنشن میں معمولی اضافے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے اور عام شہری کی قوتِ خرید ختم ہو گئی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے بجٹ پر نظرثانی، غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی اور حکمران اشرافیہ کی مراعات کم کرنے کا مطالبہ کیا۔