گندم پیداواری مقابلہ، لودھراں میں انعامی چیک تقسیم
نمایاں کارکردگی پر کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی، پہلی پوزیشن پر 10لاکھ انعام
لودھراں(سٹی رپورٹر) ضلع لودھراں میں گندم پیداواری مقابلہ میں نمایاں کارکردگی دکھانیوالے زمینداروں میں انعامی چیکوں کی تقسیم کی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس لودھراں میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد اشرف تھے ۔ انہوں نے کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاشتکاروں کی فلاح و بہبود اور زرعی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم پیداواری مقابلہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرنے کیلئے ایک اہم کاوش ہے ۔تقریب کے دوران مقابلے میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالے کاشتکاروں میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالے نور محمد نون کو10لاکھ، دوسری پوزیشن پر محمد رمضان کو8لاکھ جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالی نورین نیاز کو 5 لاکھ روپے مالیت کے انعامی چیک دئیے گئے ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ملک محمد ظفر نے بتایا کہ گندم پیداواری مقابلے کے تمام مراحل مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیے گئے ۔ تقریب میں موجود شرکاء نے اس اقدام کو کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی اور زرعی ترقی کے لیے اہم قدم قرار دیا۔