کبوتر بازی تنازع، درجنوں افراد کا گھر میں گھس کر تشدد
متاثرہ شخص پر الٹا مقدمہ درج کرا دیا گیا،آر پی او ملتان سے انصاف کی اپیل
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) چک نمبر 58-KB میں کبوتر بازی اور مکان کی چھت سے ہمسایوں کے گھروں میں جھانکنے سے منع کرنے پر درجنوں افراد نے ایک محنت کش کے گھر داخل ہو کر اس پر مبینہ طور پر تشدد کیا۔ بعد ازاں متاثرہ فریق کے خلاف الٹا مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق محمد منیر ولد نادر لنگڑیال نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا ہمسایہ محمد رمضان ولد منظور احمد اپنی چھت پر کبوتر بازی کرتا ہے اور مبینہ طور پر ہمسایوں کے گھروں میں جھانک کر خواتین کو تنگ کرتا اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو مجروح کرتا ہے ۔ منع کرنے پر وہ مشتعل ہو گیا۔متاثرہ شخص کے مطابق رمضان نے اپنے دیگر مبینہ ساتھیوں کو بلوا لیا۔
جن میں رمضان ولد منظور مسلح پسٹل، ذاکر ولد منظور مسلح سوٹا، شاکر ولد ذاکر مسلح کلہاڑی، سلیم ولد بشیر مسلح سوٹا، احمد یار ولد منظور مسلح سوٹا، جعفر ولد منظور مسلح سوٹا اور چھ نامعلوم افراد شامل تھے ۔ملزمان مبینہ طور پر کلہاڑیوں اور سوٹوں سے مسلح ہو کر گھر میں داخل ہوئے اور محمد منیر پر تشدد کیا، چھڑانے کے لیے آنے والے غلام محمد کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا ۔ متاثرہ فریق کے مطابق 15 پر کال کرنے کے باوجود پولیس موقع پر پہنچی لیکن مبینہ طور پر اثر و رسوخ کے باعث کارروائی متاثرہ شخص کے خلاف ہو گئی۔متاثرہ شہری نے آر پی او ملتان سمیت اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل ہے۔