2 سال بعد ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن ادائیگی کا آغاز
میونسپل کمیٹی انتظامیہ نے پنشن جاری کردی ، ریٹائرڈ ملازمین کا خوشی کا اظہار
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ کے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے ، جہاں تقریباً دو سال سے زیر التوا پنشن کی ادائیگی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، جس پر ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے اہل خانہ نے خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ طویل عرصے سے پنشن کی عدم ادائیگی کے باعث متعدد ملازمین شدید مالی مشکلات کا شکار تھے ، تاہم انتظامیہ کی خصوصی دلچسپی اور مؤثر اقدامات کے نتیجے میں یہ دیرینہ مسئلہ حل ہونے لگا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریٹر یوسف چھینہ کی ہدایات پر چیف آفیسر وقاص گجر، فنانس آفیسر زوہیب حمید قریشی اور ڈپٹی ڈائریکٹر آڈٹ ملک طارق نے مشترکہ طور پر ریکارڈ کی جانچ، مالی معاملات کی تکمیل اور دیگر ضروری سرکاری کارروائیاں مکمل کیں، جس کے بعد پنشن کی ادائیگی شروع کر دی گئی۔ ریٹائرڈ ملازمین نے اسے اپنے قانونی حق کی بحالی قرار دیتے ہوئے متعلقہ افسران کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ پنشن اور دیگر واجبات کی ادائیگی بروقت یقینی بنائی جائے گی، جبکہ شہری اور سماجی حلقوں نے بھی اس اقدام کو ذمہ دار اور عوام دوست انتظامیہ کی مثبت مثال قرار دیا۔