محکمہ پاپولیشن ویلفیئر ختم، دفاتر بند، ملازمین سرپلس قرار

محکمہ پاپولیشن ویلفیئر ختم، دفاتر بند، ملازمین سرپلس قرار

پنجاب بھر میں چھ ہزار ملازمین متاثر، خدمات محکمہ صحت کو منتقل کر دی گئیں

وہاڑی (نمائندہ خصوصی) حکومت پنجاب نے یکم جولائی 2026ء سے محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کو ختم کر دیا ہے ، جس کے بعد صوبہ بھر میں محکمہ کے ضلعی، تحصیل اور یونین کونسل سطح پر قائم دفاتر اور فیملی ویلفیئر مراکز بند کر دیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق چند ماہ قبل محکمہ کے عارضی ملازمین کو فارغ کر دیا گیا تھا جبکہ مستقل ملازمین کو سرپلس قرار دے کر دیگر سرکاری محکموں میں بھجوا دیا گیا ہے ۔ اس فیصلے سے پنجاب بھر میں تقریباً چھ ہزار ملازمین متاثر ہوئے ہیں۔ضلع وہاڑی میں بھی تقریباً 180 ملازمین سرپلس قرار دیے گئے ہیں جبکہ تمام دفاتر اور یونین کونسل سطح پر قائم فیملی ویلفیئر مراکز بند کر دیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کے تحت خاندانی منصوبہ بندی، ماں اور بچے کی صحت، تولیدی صحت سے متعلق آگاہی اور مشاورت جیسی خدمات فراہم کی جاتی تھیں، تاہم اب یہ تمام سہولیات محکمہ صحت کے تحت ہسپتالوں اور مراکز صحت سے دستیاب ہوں گی، جہاں یہ خدمات پہلے سے فراہم کی جا رہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں