خانیوال پولیس کی محرم ڈیوٹی پر شاندار خدمات، تقریب
ڈی پی او خانیوال کی زیر صدارت افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) عاشورہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کے قیام، جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے اور بہترین پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دینے والے پلیس افسران کے اعزاز میں ڈی پی او آفس خانیوال کے سبزہ زار میں پرتکلف عشائیے اور اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عابد تھے ۔تقریب میں ایس پی انویسٹی گیشن شاہد رشید، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، سکیورٹی کانسٹیبلز، سی ایس او فرحت نواز اور دیگر پولیس افسران نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ؐ سے ہوا جس کی سعادت قاری کریم بخش نے حاصل کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض انسپکٹر سعد بن سعید نے ادا کیے ۔ڈی پی او محمد عابد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں خانیوال پولیس کے افسران و جوانوں نے جانفشانی، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ خدمت کے ساتھ امن و امان برقرار رکھا۔ شدید گرمی اور طویل ڈیوٹی اوقات کے باوجود فورس نے مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک، منصوبہ بندی اور عوامی تعاون کا نتیجہ ہے ۔ایس پی انویسٹی گیشن شاہد رشید اور دیگر افسران نے بھی خطاب کرتے ہوئے پولیس فورس کی کارکردگی کو سراہا اور اسے قابل تحسین قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈی پی او نے افسران میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور اہلکاروں کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔