ایل پی جی پلانٹ ریٹس میں اتار چڑھاؤ، شہری مہنگائی سے پریشان

ایل پی جی پلانٹ ریٹس میں اتار چڑھاؤ، شہری مہنگائی سے پریشان

سرکاری نرخ پر گیس کی فروخت موجودہ ریٹ پر ممکن نہیں ہے ،ڈیلرز کا مؤقف

وہاڑی(خبر نگار، نمائندہ خصوصی) ایل پی جی ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں آج ایل پی جی کا پلانٹ ریٹ 4300 سے 4400 روپے کے درمیان رہا، اس کے علاوہ لوڈنگ، ان لوڈنگ اور ڈسٹری بیوٹرز کے دیگر اخراجات بھی شامل ہوتے ہیں، جبکہ ملتان ڈویژن کے مختلف شہروں سمیت لاہور میں یہ ریٹ تقریباً 4500 روپے تک پہنچ گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نمائندوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں امپورٹرز اور عالمی اداروں کے نمائندوں سے فوری مذاکرات کریں تاکہ پاکستان بھر میں شہریوں کو سستے داموں گیس کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کشیدہ صورتحال کے باعث گزشتہ تقریباً تین ماہ سے درجنوں باؤزر اور کنٹینرز کو نذرِ آتش کیا جا چکا ہے جبکہ سینکڑوں کنٹینرز مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں، جس سے گیس سپلائی شدید متاثر ہوئی ہے ۔ایسوسی ایشن نمائندگان کے مطابق گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں ایل پی جی ایسوسی ایشن اور پلانٹ مالکان کے درمیان اجلاس منعقد ہوا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ڈیلرز کو کم نرخ پر گیس فراہم کی جائے تاکہ صارفین کو بھی حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر گیس مہیا کی جا سکے ۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر گیس مہنگے داموں خریدنی پڑے گی تو مہنگے داموں فروخت کرنا بھی ناگزیر ہوگا۔ نمائندوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ، سپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ ادارے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی مکمل تحقیقات کر سکتے ہیں کیونکہ موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق سرکاری نرخ پر فروخت ممکن نہیں۔ایل پی جی ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ اگر ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخ پر گیس کی دستیابی یقینی بنائے تو وہ بھی مقررہ نرخ پر فروخت کے لیے تیار ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں