کوٹ ادو،تیز رفتاری سے حادثات میں دو نوجوان جاں بحق
ٹینکر ڈرائیور نے موٹرسائیکل سوار اسد نصیر اور شکیل کو کچل دیا، موقع پر چل بسے
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) تیز رفتاری، غفلت، اوورلوڈنگ اور ایل پی جی سلنڈر کے استعمال کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران دو نوجوان جاں بحق ہو گئے جبکہ دو ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔تفصیل کے مطابق پہلا واقعہ تھانہ قصبہ گجرات کی حدود میں پیش آیا جہاں نامعلوم ٹینکر ڈرائیور نے ٹینکر نمبر 703/TAN کو انتہائی تیز رفتاری اور غفلت سے چلاتے ہوئے اچانک موڑ کاٹا جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار اسد نصیر عمر 23 سال اور محمد شکیل عمر 19 سال موقع پر جاں بحق ہو گئے ۔ پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے ۔دوسری کارروائی پنجاب ہائی وے پٹرول خانپور کے علاقے چک نمبر 605 ٹی ڈی اے میں عمل میں لائی گئی جہاں محمد عامر کو لکڑیوں سے اوورلوڈ ٹریکٹر ٹرالی سڑک کے درمیان چلا کر ٹریفک کی روانی متاثر کرنے اور ڈرائیونگ لائسنس پیش نہ کرنے پر گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔مزید ایک کارروائی میں تونسہ کے رہائشی محمد عثمان کو اپنی اے پی وی گاڑی میں ایل پی جی سلنڈر بطور فیول استعمال کرتے ہوئے پکڑ لیا گیا۔ پولیس نے انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے الزام میں اس کے خلاف بھی مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔