وہاڑی گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز، اہم شخصیات کی شرکت
قانون کی حکمرانی اور ترقیاتی جائزے پر مقررین کے خطابات، کیک کاٹنے کی تقریب
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) ضلع وہاڑی کی گولڈن جوبلی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ڈسٹرکٹ بار وہاڑی میں منعقدہ ایک پروقار سیمینار سے کیا گیا، جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال، سینئر قانون دان اعتزاز احسن، کمشنر ملتان رانا عامر کریم، وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی، وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل خواجہ قیصر بٹ، اراکین اسمبلی، وکلا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں ضلع وہاڑی کی گولڈن جوبلی کا یادگاری کیک بھی کاٹا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ حقیقی ترقی صرف عمارتوں اور انفراسٹرکچر سے نہیں بلکہ قانون کی حکمرانی اور اداروں کے احترام سے ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے عوام کے سامنے جوابدہ ہیں اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے کہا کہ ضلع وہاڑی کے قیام کا مقصد اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنا تھا اور وہ اس عمل کا حصہ رہے ہیں۔ انہوں نے ملکی صورتحال، زرعی زمینوں کے تحفظ اور شوگر ملز کے اثرات پر بھی اظہار خیال کیا۔ کمشنر ملتان رانا عامر کریم نے کہا کہ وہاڑی ان کا اپنا ضلع ہے اور ان تقریبات میں شرکت باعث فخر ہے ۔تقریب سے ایم پی ایز، وکلا رہنما اور دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔ میاں ثاقب خورشید نے کہا کہ ان کے والد نے ضلع وہاڑی کے قیام میں اہم کردار ادا کیا جبکہ دیگر مقررین نے سابق شخصیات کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور مستقبل کی ترقی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا۔