پٹرو لیم قیمتوں میں معمولی کمی قوم سے مذاق، عامر ڈوگر
عالمی منڈی میں قیمتوں کی کمی کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں
ملتان (لیڈی رپورٹر)رکن قومی اسمبلی، چیف وہپ اپوزیشن برائے قومی اسمبلی اور سابق وزیر مملکت ملک محمد عامر ڈوگر نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں صرف ایک روپے فی لٹر کمی عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے ، ٹرانسپورٹ کے کرایوں، زرعی لاگت اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، ایسے میں ایک روپے کی کمی سے عوام کو کوئی حقیقی ریلیف نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور مقامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرنی چاہیے تھی تاکہ عوام، صنعت، زراعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کو ریلیف ملتا۔
ملک محمد عامر ڈوگر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کم از کم 100 روپے فی لٹر کمی کی جائے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ عوام اب علامتی اقدامات سے مطمئن نہیں ہوں گے اور حکومت کو معاشی مسائل کے حل کے لئے مؤثر اور عوام دوست پالیسیاں اختیار کرنا ہوں گی۔