ریسکیو 1122 کا واٹر سرچ آپریشن، نوجوان کی لاش برآمد
چناب میں چھلانگ لگانے والے 22 سالہ محمد عمیر کی لاش 11 گھنٹے بعد مل گئی
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) ریسکیو 1122 نے دریائے چناب میں چھلانگ لگا کر لاپتہ ہونے والے 22 سالہ نوجوان محمد عمیر کی لاش 11 گھنٹے طویل واٹر سرچ آپریشن کے بعد کامیابی سے برآمد کر لی۔ریسکیو کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ایمبولینس، ریسکیو بوٹ، غوطہ خوروں اور واٹر سرچ ٹیم کو فوری طور پر جائے حادثہ روانہ کیا گیا۔ پولیس کو بھی بروقت آگاہ کر دیا گیا۔ رات کی تاریکی کے باعث سرچ آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا تھا، تاہم علی الصبح دوبارہ بھرپور انداز میں آپریشن شروع کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر و انسیڈنٹ کمانڈر انجینئر عبید اللہ خان کی نگرانی میں ریسکیو 1122 کی خصوصی واٹر سرچ ٹیم نے انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ قائم کرتے ہوئے سکوبا سرچ اور بوٹ سرچ تکنیک کے ذریعے تقریباً 25 کلومیٹر علاقے کی مکمل تلاشی لی۔طویل اور مسلسل کوششوں کے بعد جائے حادثہ سے تقریباً ایک کلومیٹر دور نوجوان کی لاش برآمد کر لی گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو دریا سے نکال کر ضروری کارروائی مکمل کی۔لواحقین کی درخواست پر میت کو ہسپتال منتقل کرنے کے بجائے آبائی علاقے کایاں پور، ملتان روانہ کر دیا گیا۔