بجلی چوروں، نادہندگان کیخلاف آپریشن، ریکوری مہم

 بجلی چوروں، نادہندگان کیخلاف آپریشن، ریکوری مہم

بجلی چوری پکڑی گئی، لاکھوں روپے واجبات بھی وصول کئے گئے ،میپکو حکام

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)نے بجلی چوروں کیخلاف کارروائیوں اور نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے لئے خصوصی مہم مزید تیز کر دی ہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر گل محمد زاہد کی ہدایات پر ریجن بھر میں بلاامتیاز آپریشن جاری ہے ۔ رحیم یار خان سرکل میں سپرنٹنڈنگ انجینئر عبدالحفیظ بھٹی اور رینجرز کی نگرانی میں سیٹلائٹ ٹاؤن سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائی کے دوران نیازی کالونی اور بستی تاج دین میں صارفین کو براہِ راست بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا، جبکہ محلہ لاراں نورِ ولی اور بستی پل نورِ ولی میں سکرین واش کئے گئے میٹرز پکڑے گئے جن کے ذریعے بجلی کا اصل استعمال چھپایا جا رہا تھا۔ تمام غیرقانونی کنکشن منقطع کرکے میٹر قبضے میں لے لئے گئے اور متعلقہ صارفین کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی۔ دوسری جانب سپرنٹنڈنگ انجینئر ساہیوال سرکل ناصر محمود فانی کی ہدایت پر ریکوری مہم کے دوران ساہیوال روڈ سب ڈویژن عارفوالہ نے 4لاکھ57 ہزار 123روپے ، نورپور سب ڈویژن نے دو بڑے نادہندگان سے 11 لاکھ 60 ہزار روپے جبکہ ملتان روڈ سب ڈویژن نے ایک زرعی ٹیوب ویل صارف سے 7 لاکھ 17 ہزار 761 روپے کے بقایاجات وصول کئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں