آلودہ پانی سے محلہ لال جہانیہ کے مکین شدید پریشانی کا شکار

آلودہ پانی سے محلہ لال جہانیہ کے مکین شدید پریشانی کا شکار

واٹر سپلائی کی پائپ لائن میں گٹروں کا گندا پانی شامل ، نوٹس کا مطالبہ

میلسی (نامہ نگار ) محلہ لال جہانیہ کے رہائشی واٹر سپلائی میں آلودہ پانی کی فراہمی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق واٹر سپلائی کی پائپ لائن میں گٹروں کا گندا پانی شامل ہونے سے گھروں تک بدبودار اور آلودہ پانی پہنچ رہا ہے ، جس سے شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کئی روز سے نلکوں میں گندا اور بدبودار پانی آ رہا ہے ، مگر مجبوری کے باعث غریب شہری یہی پانی پینے اور گھریلو استعمال میں لا رہے ہیں، جس سے بچوں، بزرگوں اور دیگر افراد میں مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

مکینوں نے الزام عائد کیا کہ متعدد بار شکایات کے باوجود متعلقہ انتظامیہ نے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی، جبکہ واٹر سپلائی اور میونسپل کمیٹی کا عملہ تاحال پائپ لائن کی جانچ یا مرمت کے لیے موقع پر نہیں پہنچا۔ اہلِ محلہ ملک جمیل، لیاقت نیازی، زاکر نیازی، اسلم چوہان، مدثر رامے ، کاشف خان اور دیگر نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی، اسسٹنٹ کمشنر میلسی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے فوری نوٹس لے کر خراب پائپ لائن کی مرمت اور صاف، محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں