نوجوانوں کو تمباکو سے بچانے کیلئے اقدامات ناگزیر،ارشد سید
ملتان (لیڈی رپورٹر)آلٹرنیٹیو ریسرچ انیشی ایٹو (اے آر آئی) اور اس کی رکن تنظیموں نے نوجوانوں کو سگریٹ نوشی اور۔۔۔
تمباکو کے ہر قسم کے استعمال سے محفوظ رکھنے کے لئے مربوط قومی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔اے آر آئی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ارشد علی سید نے اپنے بیان میں کہا کہ تمباکو نوشی اب بھی کینسر، دل اور سانس کی متعدد بیماریوں کی بڑی وجہ ہے ، حالانکہ ان میں سے بیشتر بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان سب سے زیادہ خطرے سے دوچار ہیں کیونکہ وہ کم عمری میں تمباکو نوشی شروع کرکے عمر بھر کی لت اور سنگین طبی مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ معاشرے میں نوجوانوں کی سگریٹ نوشی کو معمول کی بات سمجھا جاتا ہے ، جبکہ بچوں کی سگریٹ تک رسائی روکنے سے متعلق قوانین پر مؤثر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ ان کے مطابق تمباکو کی متبادل مصنوعات بھی آسانی سے دستیاب ہیں، جس سے صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے ۔ارشد علی سید نے کہا کہ تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے متعلق عوامی آگہی مہمات کو وسعت دینے ، سکولوں اور مقامی سطح پر شعور بیدار کرنے اور ترکِ تمباکو نوشی کی مؤثر سہولیات فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مشاورت اور بحالی کے پروگرام تمباکو نوش افراد کو اس عادت سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے والدین، اساتذہ، طبی ماہرین، پالیسی سازوں اور سماجی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو تمباکو سے پاک بنانے کے لئے مشترکہ اور مؤثر کردار ادا کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments