سکول مانیٹرنگ کیلئے ایم ای ایز کا ضابطہ اخلاق، ایس او پیز جاری

سکول مانیٹرنگ کیلئے ایم ای ایز کا  ضابطہ اخلاق، ایس او پیز جاری

ملتان (خصوصی رپورٹر)سکولوں کی مانیٹرنگ کا عمل مزید مؤثر، شفاف اور باقاعدہ بنانے کیلئے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اسسٹنٹس (ایم ای ایز) کیلئے ضابطہ اخلاق اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) جاری کردیئے گئے ہیں۔

 ہدایات کے مطابق ایم ای ایز سکولوں کے دوروں کے دوران مقررہ قواعد کی پابندی اور مانیٹرنگ پیشہ ورانہ انداز میں یقینی بنائیں گے ۔جاری ضابطے کے مطابق ہر سکول کے دورے پر ایم ای ای وزٹ رجسٹر میں حاضری درج کرے گا۔ مانیٹرنگ کے دوران صرف نشاندہی کئے گئے مسائل کی رپورٹنگ کی جائے گی اور سکول سربراہ یا کسی ملازم کو دھمکانے یا نامناسب رویے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سکول انتظامیہ اور عملے سے شائستگی سے پیش آنے اور تمام متعلقہ معلومات مقررہ سرکاری ذرائع اور ایپلی کیشنز کے ذریعے فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ایم ای ایز کو سکول کے مختلف حصوں اور تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کا پابند بنایا گیا ہے ۔ ایک ایم ای اے کو دوسرے کی مانیٹرنگ میں غیر ضروری مداخلت سے روک دیا گیا ہے ، جبکہ مشترکہ مانیٹرنگ کی صورت میں ایک دوسرے کے کام کا احترام لازم ہوگا۔ہدایت نامے میں مانیٹرنگ وزٹس کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ڈی ایم او اور افسر کو اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ غیر ضروری سرگرمیوں اور غیر متعلقہ افراد کی مداخلت سے بھی گریز کیا جائے گا تاکہ تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ضابطے میں اساتذہ اور طلبہ کے وقار کا خیال رکھنے ، حاضری و مانیٹرنگ ریکارڈ بروقت مکمل کرنے اور ایل این ڈی ٹیسٹ کے دوران مقررہ طریقہ کار پر عمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔ خواتین کے مخصوص واش رومز کے استعمال سے حتی الامکان گریز کرنے کا بھی کہا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...