ڈی پی او خانیوال کارات گئے تھانوں کا دورہ ،کارکردگی کا جائزہ
ناقص انتظامات پر تھانہ کہنہ اور سٹی کے اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈی پی او محمد عابد نے رات گئے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کیا اور پولیس امور، سکیورٹی انتظامات اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تھانہ کہنہ خانیوال، تھانہ صدر خانیوال اور تھانہ سٹی خانیوال کا سرپرائز وزٹ کیا۔دورے کے دوران ڈی پی او نے تھانوں میں صفائی ستھرائی، سنتری ڈیوٹی، ایس ایچ او آفس، محرر آفس اور حوالات سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے فرنٹ ڈیسک پر موصول درخواستوں، ریکارڈ کی تکمیل اور آن لائن اندراج کا عمل بھی چیک کیا۔ڈی پی او نے حوالات میں موجود زیرحراست ملزمان سے ملاقات کرکے مقدمات اور تفتیش کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام مقدمات کی تفتیش میرٹ اور قانون کے مطابق مکمل کی جائے ۔معائنے کے دوران ناقص انتظامات سامنے آنے پر تھانہ کہنہ خانیوال کے ایس ایچ او، تفتیشی افسران اور محرران کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ، جبکہ تھانہ سٹی خانیوال میں ناقص سکیورٹی پر محرر اور سنتری کو بھی شوکاز نوٹس دئیے گئے ۔ڈی پی او محمد عابد نے کہا کہ فرنٹ ڈیسک پر موصول تمام درخواستوں اور شکایات کا آن لائن ریکارڈ بروقت اپ ڈیٹ رکھا جائے ۔ ڈیوٹی میں غفلت اور غیر قانونی حراست کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ فرائض ایمانداری اور ذمہ داری سے انجام دیں۔ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی، شفافیت اور نظم و ضبط اولین ترجیح ہے ، غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments