مریضوں کی بڑھتی تعداد، ڈائیلاسز سنٹرز کی اپ گریڈیشن

 مریضوں کی بڑھتی تعداد، ڈائیلاسز سنٹرز کی اپ گریڈیشن

مظفر گڑھ ،علی پورمراکز بہتر بنانے کا فیصلہ، جتوئی میں نیا مرکز بنانے کی سفارش

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت رکن قومی اسمبلی سردار عامر طلال خان گوپانگ نے کی۔ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ، ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح، سروس ڈیلیوری اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایم پی اے محمد اجمل خان چانڈیا کی تجویز پر علی پور اور مظفرگڑھ کے ڈائیلاسز سنٹرز کی اپ گریڈیشن جبکہ جتوئی میں نیا ڈائیلاسز سنٹر قائم کرنے کی سفارش کی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع مظفرگڑھ میں گردوں کے مریضوں کی تعداد تقریباً 34 ہزار ہے ، جو پنجاب کے دیگر اضلاع کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے ۔ سردار عامر طلال خان گوپانگ نے ڈائیلاسز کی سہولیات بہتر بنانے اور جتوئی میں نئے مرکز کے قیام پر زور دیا۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور سروس ڈیلیوری میں بہتری کے لیے تمام محکمے مربوط انداز میں کام کریں۔ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے منصوبوں کی مؤثر نگرانی، تعمیراتی معیار برقرار رکھنے اور مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...