پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، احتجاج جاری
پٹرول 30، ڈیزل 25 روپے لٹر مہنگا، شہریوں نے روزانہ نرخ نظام مسترد کردیا
وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ اضافے کا سلسلہ احتجاج کے باوجود جاری ہے ، جس سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ شہریوں کے مطابق 5 سے 12 ستمبر کے دوران پٹرول کی قیمت میں تقریباً 30 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 25 روپے فی لٹر اضافہ ہوا۔ ایک سال کے دوران پٹرول 111 روپے اور ڈیزل 133 روپے فی لٹر مہنگا ہوچکا ہے ۔ اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2022 میں 149.86 روپے فی لٹر ملنے والا پٹرول اب 375.82 روپے جبکہ 144.15 روپے والا ڈیزل 403.32 روپے فی لٹر تک پہنچ چکا ہے ۔ اس طرح ساڑھے چار سال کے دوران پٹرول تقریباً 226 روپے اور ڈیزل 259 روپے فی لٹر مہنگا ہوا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزانہ قیمتیں تبدیل ہونے کے باعث عام صارف کو سرکاری نرخ کا علم نہیں ہوتا۔ پٹرول پمپس پر مختلف نرخ وصول کرنے کی شکایات بھی سامنے آرہی ہیں جبکہ بیشتر پمپس پر سرکاری نرخ نمایاں نہیں کیے گئے ۔ شہریوں کے مطابق پمپ مالکان قیمتوں میں فرق کی وجہ کرایوں کو قرار دیتے ہیں، تاہم سرکاری ذرائع کے مطابق ایسا کوئی جواز نہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے پٹرول پمپس پر سرکاری نرخ نمایاں کرنے اور زائد وصولی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے روزانہ قیمتوں کے نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر مسلسل بوجھ ڈالنے کے بجائے حکمران اپنے اخراجات کم کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments