گھر میں گھس کر فائرنگ، خواتین پر تشدد، سولر پلیٹیں توڑ دیں
ٹریکٹر تھریشر بھی توڑ دیا، دس لاکھ روپے کا نقصان ، مقدمہ درج، تفتیش جاری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) صدر سرور شہید کے علاقے چک نمبر 550 ٹی ڈی اے میں گھر میں گھس کر ہوائی فائرنگ، خواتین پر تشدد اور ٹریکٹر، تھریشر سمیت 24 سولر پلیٹیں توڑنے کے الزام میں پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ اقبال احمد نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ اس نے ظہور سیال وغیرہ کے خلاف مقدمہ نمبر 444/25 بجرم 458 ت پ تھانہ صدر سرور شہید میں درج کرا رکھا تھا، جس میں ایاز الرحمن گواہ تھا۔ مدعی کے مطابق اس نے ایاز الرحمن کی مخالفت کے باوجود ملزمان کے حق میں صلح کا بیان دیا، جس پر ایاز الرحمن کو رنج تھا۔ اسی رنجش پر محمد حفیظ سمیت 4 نامزد اور 15 نامعلوم افراد مبینہ طور پر اس کے گھر کی چار دیواری میں داخل ہوئے اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے دھمکیاں دیں۔ درخواست کے مطابق ملزمان نے گھر میں موجود آمنہ بی بی اور رخسانہ بی بی کو مبینہ طور پر تھپڑ اور مکے مارے اور بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا۔ ملزمان نے ٹریکٹر فیٹ 480 کے پچھلے دونوں ٹائر اور ہیڈلائٹس، تھریشر کے دونوں ٹائر اور 24 سولر پلیٹیں توڑ دیں۔ مدعی نے نقصان کی مالیت تقریباً 10 لاکھ روپے بتائی اور خواتین کی حرمت پامال کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments