متعددجرائم پیشہ عناصر گرفتار،منشیات اور اسلحہ برآمد
1100 گرام چرس،25 لٹر دیسی شراب،3پستول،کاربین قبضے میں لی گئی
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) آئی جی پنجاب کے حکم اور ڈی پی او کوٹ ادو منصور قمر کی ہدایت پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں، شراب فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں گشت کے دوران مشکوک افراد کو روک کر تلاشی لی گئی۔ تھانہ سٹی کوٹ ادو پولیس نے موضع کوٹلہ کے قریب وارڈ نمبر 14 بی کے منصور عباس آہیر سے 1100 گرام چرس برآمد کی۔ دائرہ دین پناہ پولیس نے بستی جوتہ ٹبہ مستقل غربی کے مظہر حسین جوتہ سے 25 لٹر دیسی شراب برآمد کی۔ سٹی کوٹ ادو پولیس نے موضع پرہار شرقی کے قریب عابد حسین شجرا سے 30 بور پسٹل اور 2 زندہ گولیاں برآمد کیں۔ دائرہ دین پناہ پولیس نے چک نمبر 583 ٹی ڈی اے ، سرور شہید کے محمد عارف ملیہ سے 30 بور پسٹل اور 2 گولیاں برآمد کیں۔ اسی تھانے کی پولیس نے مقدمہ کی تفتیش کے دوران جسمانی ریمانڈ پر موجود ملزم محمد لطیف پوڑا کے انکشاف پر 30 بور پسٹل اور 2 گولیاں برآمد کیں۔ تھانہ قصبہ گجرات پولیس نے موضع چن والا کے محمد کامران عرف مٹکا انگڑا سے 12 بور کاربین اور ایک زندہ کارتوس برآمد کیا۔ پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments