84 اتائیوں و میڈیکل سٹورز سے منتھلی وصولی ،مقدمہ کا حکم

84 اتائیوں و میڈیکل سٹورز سے منتھلی وصولی ،مقدمہ کا حکم

عدالت کی اینٹی کرپشن کو انکوائری مکمل کرکے ایف آئی آر درج کرنیکی ہدایت

کہروڑپکا (نمائندہ دنیا ) تحصیل کہروڑپکا میں عطائیوں اور بغیر لائسنس میڈیکل اسٹورز سے مبینہ ماہانہ منتھلی وصولی کے معاملے پر عدالت نے اینٹی کرپشن حکام کو کارروائی کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق عبیداللہ نامی شہری نے عدالت میں زیر دفعہ 22-A رٹ پٹیشن دائر کرتے ہوئے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر/ڈرگ انسپکٹر مظہر شبیر پر علاقے میں عطائیت کی مبینہ سرپرستی اور 84 سے زائد افراد و میڈیکل اسٹورز سے ماہانہ رقم وصول کرنے کے الزامات عائد کئے ۔سماعت کے دوران درخواست گزار نے مبینہ طور پر ثبوتوں پر مشتمل فہرست عدالت میں پیش کی، جس میں 84 سے زائد افراد کے نام شامل تھے ۔ درخواست گزار کے مطابق بغیر لائسنس ادویات فروخت کرنے والے اسٹورز اور غیر قانونی پریکٹس کرنے والے عطائیوں کو مبینہ طور پر ماہانہ رقم کے عوض کام کرنے کی اجازت دی جاتی رہی۔ درخواست میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ مبینہ طور پر رقم دینے سے انکار کرنے والے قانونی اسٹور مالکان اور فارماسسٹ کے خلاف چھاپے مارے جاتے اور انہیں مقدمات میں ملوث کرکے ہراساں کیا جاتا تھا۔سماعت کے دوران ایزی پیسہ کے ذریعے مبینہ طور پر رقم کی منتقلی کے شواہد بھی عدالت میں پیش کئے گئے ۔ عدالت نے ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ملتان کو ہدایت کی کہ ڈرگ انسپکٹر مظہر شبیر کے خلاف شکایت پر فوری کارروائی کی جائے ۔ عدالت نے 15 روز کے اندر انکوائری مکمل کرکے مقدمہ درج کرنے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لانے کا حکم دیا۔ تاہم الزامات کی حتمی تصدیق تحقیقات کے بعد ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...