ریلوے پولیس کا آپریشن،لاکھوں مالیت کا مسروقہ میٹریل بر آمد،2ملزم گرفتار

ریلوے  پولیس  کا  آپریشن،لاکھوں  مالیت  کا مسروقہ  میٹریل  بر آمد،2ملزم گرفتار

عبدالحکیم کے قریب کارروائی، 7ٹن ریلوے لائن میٹریل 36فٹ لمبائی کے 9الیکٹرک پول برآمد کرلئے ، ملزم جمشید اور مدثر کے خلاف کارروائی کا آغاز، ملازمین کے ملوث ہونیکا انکشاف

ملتان(خصوصی رپورٹر)عبدالحکیم کے قریب ریلویز پولیس کی کارروائی، لاکھوں روپے مالیت کا ریلوے میٹریل برآمد، دو کباڑیے گرفتار تفصیل کے مطابق آئی جی ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان کی ہدایات پر ریلوے میٹریل کی چوری اور غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ ریلویز پولیس نے اسپیشل برانچ کی خفیہ اطلاع پر عبدالحکیم ریلوے اسٹیشن کے قریب کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا تقریباً 7 ٹن ریلوے لائن میٹریل اور 36 فٹ لمبائی کے 9 الیکٹرک پول برآمد کرلئے ۔ریلویز پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ریلوے میٹریل ٹرک میں لوڈ کرنے والے دو کباڑیوں، جمشید اور مدثر کو موقع سے گرفتار کرلیا گیا، جبکہ برآمد ہونے والا تمام ریلوے میٹریل قبضے میں لے لیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس خانیوال میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ انہوں نے مذکورہ ریلوے میٹریل گینگ مین سونی دولتانہ سے خریدا تھا۔ پولیس کی جانب سے اس پہلو سمیت ریلوے میٹریل کی چوری اور خرید و فروخت میں ملوث دیگر عناصر کے کردار کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔آئی جی ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان نے ریلوے میٹریل کی چوری، غیر قانونی خرید و فروخت اور اس میں ملوث منظم گینگز، گروپس اور مافیاز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے قومی اثاثوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے گی ۔آئی جی ریلویز پولیس کا کہنا ہے کہ چوری شدہ ریلوے میٹریل کی خرید و فروخت میں ملوث گینگز کے خلاف مزید کارروائیاں کی جائیں گی، جبکہ ریلویز پولیس ریلوے میٹریل چوری کے منظم نیٹ ورک کے خلاف کارروائیوں کے لئے مکمل طور پر تیار ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...