زرعی پیداوار میں اضافہ اور غذائی تحفظ اہم چیلنج، ڈاکٹر آصف علی
غذائی تحفظ کیلئے تحقیقی اداروں ، نجی شعبے کے درمیان موثر اشتراک ضروری ہے
ملتان (خصوصی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی میں انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ بریڈنگ اینڈ بائیوٹیکنالوجی کے زیر اہتمام ‘‘زراعت، غذائی تحفظ اور پائیداری’’ کے موضوع پر قرآن مجید کی روشنی میں خصوصی انٹرایکٹو سیشن منعقد ہوا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سیشن میں ایگرانومی، پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس، بایوٹیکنالوجی اور سیڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بی ایس سی، ایم ایس سی اور پی ایچ ڈی طلبہ و طالبات سمیت فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ ریسورس پرسن پیٹل سیڈ کمپنی مردان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد مشتاق خان تھے ، جنہوں نے زراعت، غذائی تحفظ اور پائیدار زرعی ترقی کے اہم پہلوؤں کو قرآن مجید کی تعلیمات اور رہنمائی کے تناظر میں بیان کیا۔ انہوں نے قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال، زمین اور پانی کے تحفظ، زرعی پیداوار میں اضافے اور آنے والی نسلوں کیلئے پائیدار زرعی نظام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ موجودہ دور میں قدرتی وسائل کا تحفظ، زرعی پیداوار میں اضافہ اور غذائی تحفظ یقینی بنانا اہم چیلنجز ہیں، جن سے نمٹنے کیلئے جدید سائنسی علم، تحقیق اور وسائل کے مؤثر و ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا ضروری ہے ۔ انہوں نے پیٹل سیڈ کمپنی کی زرعی شعبے میں خدمات کو سراہتے ہوئے خیبر پختونخوا میں مکئی کی پیداوار اور فی ایکڑ پیداوار میں بہتری کیلئے کمپنی کی کاوشوں کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعات، تحقیقی اداروں اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر اشتراک سے ملکی زراعت کو مزید ترقی دی جاسکتی ہے اور غذائی تحفظ کے اہداف کے حصول میں پیش رفت ممکن ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments