کوٹ ادو کیلئے 15 الیکٹرک بسیں تاحال نہ پہنچ سکیں
چھ روٹس پر سروس کا منصوبہ تاخیر کا شکار، بس سٹاپس کے شیڈز نامکمل
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر)کوٹ ادو کے لیے اعلان کردہ 15 الیکٹرک بسیں چار ماہ گزرنے کے باوجود تاحال نہ پہنچ سکیں، جس کے باعث چھ مختلف روٹس پر جدید، سستی اور ماحول دوست بس سروس شروع کرنے کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہے ۔ دوسری جانب بس سٹاپس کے لیے تعمیر کیے گئے کئی شیڈز بھی نامکمل ہیں جبکہ ان کے لوہے کے فریم زنگ آلود ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے کوٹ ادو میں جدید اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے 15 الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جون میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں کوٹ ادو سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں الیکٹرک بس سروس جلد شروع کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی، جس کے بعد شہریوں کو سستی، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت ملنے کی امید پیدا ہوئی تھی۔ تاہم چار ماہ گزرنے کے باوجود بسیں کوٹ ادو نہیں پہنچ سکیں۔دوسری جانب مختلف مقامات پر بس سٹاپس کے شیڈز کی تعمیر شروع کی گئی، تاہم کئی مقامات پر کام مکمل نہ ہونے کے باعث لوہے کے فریم زنگ آلود ہونے لگے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منصوبے میں تاخیر سے عوام میں تشویش پائی جارہی ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ اعلان کردہ 15 الیکٹرک بسیں فوری فراہم کرکے چھ روٹس پر سروس شروع کی جائے اور نامکمل بس سٹاپس کے شیڈز کا کام بھی جلد مکمل کرایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments