خاوند کی وفات کے بعد جیٹھ کابیوہ کے مکان پر قبضہ
بیوہ کا وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے ، مکان واگزار کرانے اور تحفظ دینے کا مطالبہ
میلسی (نمائندہ دنیا)خاوند کی وفات کے بعد جیٹھ کی جانب سے مکان پر مبینہ قبضے کے خلاف بیوہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے داد رسی کی اپیل کردی۔ تحصیل میلسی کے نواحی موضع نور پور کی رہائشی فوزیہ بی بی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا خاوند محمد عمران 25 اپریل 2025ء کو وفات پاگیا تھا۔ خاوند کی وفات کے بعد وہ اپنی کمسن بیٹی کے ہمراہ موضع نور پور میں واقع پانچ مرلہ مکان میں رہائش پذیر تھی، جو اس کے بقول مرحوم خاوند کا ترکہ ہے اور وہ اس کی شرعی و قانونی حقدار ہے ۔فوزیہ بی بی کے مطابق اس کے جیٹھ رب نواز ولد رحیم بخش نے اسے کمسن بیٹی سمیت گھر سے نکال دیا اور مبینہ طور پر مکان پر قبضہ کرلیا۔ بیوہ نے الزام عائد کیا کہ مکان پر مبینہ قبضہ برقرار رکھنے کیلئے اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ مکان واپس لینے کا مطالبہ کرنے پر اسے اور اس کی کمسن بیٹی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔ اس صورتحال کے باعث دونوں ماں بیٹی خوف و ہراس کا شکار ہیں اور فوزیہ بی بی اپنی بیٹی سمیت والدین کے گھر رہنے پر مجبور ہے ۔فوزیہ بی بی کا کہنا تھا کہ وہ بے سہارا بیوہ ہے اور مذکورہ مکان کے علاوہ اس کے پاس کوئی متبادل رہائش نہیں۔ اس نے بتایا کہ معاملے کے حل اور داد رسی کیلئے مقامی انتظامیہ سے متعدد مرتبہ رجوع کیا، تاہم تاحال کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ بیوہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور اسسٹنٹ کمشنر میلسی کو ضروری احکامات جاری کیے جائیں، مکان واگزار کراکر اسے قانونی حق دلایا جائے اور اسے و اس کی کمسن بیٹی کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments