بلدیاتی الیکشن ہوتے تو عوامی مسائل جلد حل ہوتے ،تاجر رہنما
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر پیر سید ناصر شاہ نے کہا ہے کہ اگر بلدیاتی انتخابات بروقت ہوتے تو عوامی مسائل کے حل میں نمایاں بہتری آ سکتی تھی۔
منتخب بلدیاتی نمائندے اپنے علاقوں کے مسائل سے براہ راست آگاہ ہوتے ہیں اور شہریوں کو بھی مسائل کے حل کیلئے مقامی سطح پر اپنے نمائندوں سے فوری رابطے کی سہولت میسر آتی ہے ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلیوں، سڑکوں، سیوریج، صفائی، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کیلئے مؤثر بلدیاتی نظام ضروری ہے ۔ عوام کو روزمرہ مسائل کے حل کیلئے بار بار مختلف سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے مقامی سطح پر بااختیار نمائندوں کے ذریعے سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔ پیر سید ناصر شاہ نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور مقامی حکومتوں کو مؤثر اختیارات دینے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بااختیار مقامی نمائندے اپنے علاقوں کی ضروریات کو بہتر انداز میں متعلقہ اداروں تک پہنچا سکتے ہیں اور شہریوں کو بھی مسائل کے حل کیلئے موثر پلیٹ فارم میسر آسکتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments