دھرنا موخر ہوا، عوامی حقوق کی جنگ جاری:ثمینہ سعید

دھرنا موخر ہوا، عوامی حقوق کی جنگ جاری:ثمینہ سعید

پٹرولیم لیوی، بجلی کے بھاری بلوں اور ظالمانہ ٹیکسوں کیخلاف تحریک چلائیں گے

ملتان (کرائم رپورٹر)قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی ثمینہ سعید اور صوبائی صدر شازیہ سیال نے کہا ہے کہ دھرنا موخر ہوا ہے ، عوام کے حقوق کی جنگ ختم نہیں ہوئی۔ عوامی مسائل کے حل، ظالمانہ ٹیکسوں، پٹرولیم لیوی اور بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف احتجاجی تحریک پہلے سے زیادہ منظم اور بھرپور انداز میں جاری ہے ۔ حکمران یہ نہ سمجھیں کہ دھرنا موخر ہونے سے عوام کی آواز خاموش ہوگئی، عوام اپنے حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور نہ آئندہ چھوڑے گی، یہ جدوجہد کسی ایک جماعت یا چند افراد کا معاملہ نہیں بلکہ مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں، پٹرول کی قیمتوں اور بڑھتے ٹیکسوں سے متاثر ہر گھر کی آواز ہے۔ حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ معاشی مشکلات کا سارا بوجھ عوام پر ڈالنا ہے یا حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہے ۔ ثمینہ سعید نے کہا کہ پٹرولیم لیوی اور بجلی کے نرخوں میں اضافے سے عام خاندان کی معاشی مشکلات بڑھ رہی ہیں، پٹرول مہنگا ہونے سے اشیائے خوردونوش، ٹرانسپورٹ، تعلیم، علاج اور روزگار سمیت پوری معیشت متاثر ہوتی ہے ۔ خواتین مہنگائی کی پہلی ضرب کچن میں محسوس کرتی ہیں، محدود آمدن میں بچوں کی خوراک، تعلیم اور علاج کے اخراجات پورے کرنا مشکل ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد پُرامن، آئینی اور جمہوری ہے ، دھرنا موخر ہونے کے باوجود جلسوں، عوامی رابطہ مہم اور احتجاجی سرگرمیوں کے ذریعے مطالبات حکمرانوں تک پہنچائے جاتے رہیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...