بجلی تقسیمی نظام کے شٹ ڈاؤن کیلئے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف
آن لائن سسٹمز کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جارہے ، میپکو ملازمین کو پراسیسنگ، منظوری،متعلقہ افسروں کے درمیان کوآرڈینیشن،ڈیجیٹل طریقہ کار سے آگاہی دی جارہی
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)میں بجلی کے 132 کے وی تقسیمی نظام کے شٹ ڈاؤن کے لئے جدید ڈیجیٹل سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے ۔میپکو میں ڈیجیٹلائزیشن کے اس عمل کی نگرانی چیئرمین میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز انجینئر عامر ضیاء اور چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئرگُل محمد زاہد کر رہے ہیں جن کی ہدایات کی روشنی میں کمپنی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور آن لائن سسٹمز کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں میپکو ٹریننگ سنٹر میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں آئی ایس ایم او کے ماہرین نے میپکو افسروں کو نئے ڈیجیٹل شٹ ڈاؤن سسٹم کے طریقہ کار اور استعمال کے حوالے سے تربیت دی۔تربیتی ورکشاپ میں سپرنٹنڈنگ انجینئر جی ایس او ملتان سرکل رضا ظفر، پرجیکٹ ڈائریکٹر گرڈ سسٹم کنسٹرکشن پروجیکٹ، ٹی اینڈ جی، جی سی سرکل اور جی ایس او سرکل ساہیوال کے افسروں ، ایگزیکٹو انجینئرز اور ایس ڈی اوز نے شرکت کی۔ آئی ایس ایم او کے ماہرین نے شرکاء کو132 کے وی سسٹم کے شٹ ڈاؤن کی آن لائن درخواست، پراسیسنگ، منظوری، متعلقہ افسروں کے درمیان کوآرڈی نیشن اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ورکشاپ کے دوران افسروں کو بتایا گیا کہ جدید ڈیجیٹل شٹ ڈاؤن سسٹم کے نفاذ سے شٹ ڈاؤن کے روایتی طریقہ کار کو آن لائن کیا جائے گا جس سے مختلف مراحل میں شفافیت، بروقت کارروائی، مؤثر مانیٹرنگ اور سسٹم سیفٹی کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔ اس نظام کے ذریعے متعلقہ افسروں شٹ ڈاؤن کی درخواستوں اور ان کی منظوری کے عمل کو آن لائن مانیٹر کر سکیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments