گندم کی امدادی قیمت پانچ ہزار روپے من مقرر کرنے کا مطالبہ
باردانہ کی منصفانہ تقسیم، تیل دار فصلوں پر ٹیکس رعایت دی جائے ،حماداحمد میاں
ملتان (لیڈی رپورٹر)ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی زرعی ذیلی کمیٹی کے کنوینر حماد احمد میاں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم کی کم از کم قیمت پانچ ہزار روپے فی من مقرر کی جائے اور آئندہ سیزن میں باردانہ کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے تاکہ تمام کاشتکاروں کو یکساں مواقع مل سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چودھری آصف مجید، خواجہ ریاض حسین، ڈاکٹر محمد اسلم اور چودھری طارق بشیر نے شرکت کی۔ شرکاء نے زرعی مسائل، گندم کی قیمتوں، باردانہ کی تقسیم اور پیداوار میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا۔حماد احمد میاں نے کہا کہ کھاد، بیج، زرعی ادویات اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث کاشتکاروں کے لئے فصلوں کی کاشت منافع بخش بنانا مشکل ہو رہا ہے ۔ حکومت گندم کی مناسب قیمت مقرر کرکے کسانوں کو ان کی محنت اور پیداواری اخراجات کا معاوضہ فراہم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ باردانہ کی تقسیم شفاف طریقے سے کی جائے تاکہ کسی کاشتکار کی حق تلفی نہ ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments