بیوٹیفکیشن منصوبہ تعطل کا شکار، بازاروں میں مٹی کے ڈھیر
ادھورے ترقیاتی کاموں سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) خانیوال کے مختلف بازاروں میں شہر کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے شروع کیے گئے بیوٹیفکیشن منصوبے پر کام کی سست رفتاری کے باعث شہریوں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ متعدد مقامات پر کھدائی کے بعد راستے ادھورے پڑے ہیں، جبکہ مٹی اور تعمیراتی ملبے کے ڈھیر پریشانی کا باعث بن رہے ہیں۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر کے باعث بازاروں میں گاہکوں کی آمدورفت متاثر ہورہی ہے ، جس سے کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ شہریوں کو بھی روزمرہ خریداری اور آمدورفت کے دوران دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔شہریوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے شہر کی بہتری کے لیے ضروری ہیں، تاہم کام کے دوران عوام کی مشکلات اور متبادل راستوں کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے ۔شہریوں اور تاجروں نے ڈپٹی کمشنر خانیوال، متعلقہ انتظامیہ اور ذمہ دار محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ بیوٹیفکیشن منصوبے پر کام کی رفتار تیز کی جائے ، زیر تعمیر مقامات سے مٹی اور ملبہ ہٹایا جائے اور راستوں کو قابل استعمال بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ ٹھیکیداروں کو مقررہ مدت میں کام مکمل کرنے کا پابند بنانے پر بھی زور دیا تاکہ عوامی مشکلات اور کاروباری پریشانیوں کا خاتمہ ہوسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments