نوجوان نسل علم اور کتاب سے رشتہ استوار کریں ،ذوالفقار چیمہ

نوجوان نسل علم اور کتاب سے رشتہ استوار کریں ،ذوالفقار چیمہ

جہاں علم کو دولت اور منصب سے حقیر سمجھا جائے اس معاشرے کو تباہی سے کوئی نہیں بچا سکتا ذوالفقار چیمہ کا اسلوب منفرد ،پیغام بھی الگ ہے ،ڈاکٹر علی شاہ، انداز تحریر دلنشین ،شمائل احمد

لاہور (دنیا رپورٹ )پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کہا ہے کہ ممتاز دانشور اور سابق آئی جی ذوالفقار چیمہ کی کتابوں کا اسلوب اور پیغام دوسرے تمام بیوروکریٹوں سے الگ ہے ۔وہ مصنف کی تازہ تصانیف جہد مسلسل،افکار تازہ اور سمجھتا ہوں جسے حق کی۔ وہ تقریب پذیرائی سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ انکی کتابیں تمام سول سرونٹس کو ضرور پڑھنی چاہیئں۔سابق وفاقی سیکرٹری شمائل احمد خواجہ نے کہا کہ مصنف کا انداز تحریر بڑا دلنشین ہے اور انہوں نے ملک کے اہم اشوز پر بڑے دو ٹوک انداز میں اپنا نقطہ نظر بیان کیا ہے ۔پرنسپل یونیورسٹی لاء کالج ڈاکٹر امان اللہ نے کہا کہ ذوالفقارچیمہ نے اپنی خودنوشت میں زمانہ طالب علمی کے واقعات بے حد دلچسپ انداز میں تحریر کئے ہیں۔سابق سی سی پی او لاہور چودھری شفیق احمد نے کہا کہ چیمہ نے جو کہا اور جو لکھا ہے اس پر عمل کر کے دکھایا ہے ۔

انکے کردار کی وجہ سے پولیس کو عزت ملی ۔ایسے اعلیٰ کردار کے افسر اب پورے ملک میں کہیں نظر نہیں آتے ۔ماہر اقبالیات ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے کہا کہ مصنف کی کتابیں انکے علم اور تجربے کا نچوڑ ہیں۔افکار تازہ کے مضامین نوجوانوں کو راہنمائی فراہم کرتے ہیں ۔سید تنویر عباس تابش نے کہا کہ ذوالفقار چیمہ اقبال رح کے شاہین ہیں ۔انکا کردار بے داغ ہے وہ باصلاحیت اور جراتمند ہیں۔مصنف ذوالفقار چیمہ نے کہا نئی نسل کے لئے میرا پیغام یہ ہے کہ ہر حال میں رزق حلال پر قناعت کریں۔علم اور کتاب سے رشتہ استوار کریں ورنہ ذہن جمود جہالت اور عدم برداشت کے کانٹوں سے بھر جائے گا۔جہاں علم کو دولت اور منصب سے حقیر سمجھا جائے اس معاشرے کو تباہی سے کوئی نہیں بچا سکتا، پنجاب یونیورسٹی کے کتاب میلے میں ذوالفقار چیمہ کی کتابوں کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...