سکولوں میں داخلہ اہداف مکمل کرنیکا حکم، کارروائی کاانتباہ
31اکتوبر تک اہداف مکمل نہ کرنیوالے سکول سربراہان کیخلاف کارروائی کی جائیگی
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب میں 31اکتوبر تک داخلوں کے اہداف مکمل کرنے کا حکم، بوگس انرولمنٹ اور طویل رخصتوں پر سختی تفصیل کے مطابق سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں داخلوں کے مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے ، بوگس انرولمنٹ کے خاتمے اور سرکاری ملازمین کی بلاجواز طویل رخصتوں کی روک تھام کے لئے سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔ تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو 31 اکتوبر 2026 تک داخلوں کے اہداف ہر صورت مکمل کرنے اور سکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کے کوائف کی تصدیق یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے صوبے کی تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کے ساتھ اہم زوم میٹنگ میں داخلوں کی پیش رفت، طلبہ کی انرولمنٹ میں شفافیت اور محکمانہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ضلعی تعلیمی حکام کو ہدایت کی گئی کہ داخلوں کے لئے مقررہ اہداف کے حصول میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور 31 اکتوبر تک مطلوبہ نتائج یقینی بنائے جائیں۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے بوگس اور فرضی انرولمنٹ کے معاملے پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی سکول میں جعلی داخلے برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ تمام طلبہ کے اندراج کی باقاعدہ تصدیق کی جائے۔
اور سکولوں کے ریکارڈ میں درج کوائف کو نادرا کے ریکارڈ سے مطابقت کے ذریعے جانچا جائے ۔ اس کے علاوہ طلبہ کے ب فارم کی دستیابی اور متعلقہ ریکارڈ کی درستگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی، تاکہ انرولمنٹ کے اعداد و شمار مستند اور قابل تصدیق ہوں۔میٹنگ میں سرکاری ملازمین کی طویل رخصتوں کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے ہدایت کی کہ بلاجواز طویل رخصتوں کی حوصلہ شکنی کی جائے اور کسی بھی ملازم کو قواعد و ضوابط کے خلاف طویل چھٹی کی اجازت نہ دی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments