پرائمری کے سالانہ امتحانات اپنے سکولوں میں کرانیکی تجویز
چھوٹے بچوں کو ذہنی دباؤ ، سفری مشکلات سے بچانے کیلئے پیکٹا کا اہم اقدام
ملتان (خصوصی رپورٹر)چھوٹے بچوں کو سفری مشکلات، ذہنی دباؤ اور امتحانی خوف سے بچانے کے لئے پانچویں جماعت کے سالانہ امتحانات طلبہ کے اپنے سکولوں میں منعقد کرانے کی تجویز سامنے آگئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق پیکٹا کی جانب سے پانچویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے حوالے سے اہم تجویز پیش کی گئی ہے ، جس کے تحت طلبہ کو دوسرے سکولوں میں قائم امتحانی مراکز کے بجائے اپنے ہی سکولوں میں امتحان دینے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔تجویز کا بنیادی مقصد کم عمر طلبہ کو دور دراز امتحانی مراکز تک سفر کی دشواری، ذہنی دباؤ اور خوف سے محفوظ رکھنا ہے تاکہ وہ مانوس ماحول میں بہتر انداز میں امتحان دے سکیں۔امتحانی نظام کی شفافیت برقرار رکھنے کے لئے دوسرے سکولوں سے انویجیلیٹرز اور دیگر امتحانی عملہ تعینات کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے ۔تاکہ امتحانات میں جانبداری کا امکان ختم کیا جا سکے ۔تجویز کے مطابق امتحانی پرچوں کی مارکنگ سکولوں کی سطح پر نہیں ہوگی بلکہ پیکٹا مرکزی طور پر مارکنگ کا انتظام کرے گا، جس سے نتائج کی شفافیت یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکام اس تجویز کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں اور اس حوالے سے جلد فیصلہ متوقع ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments