لاہور ویسٹ واٹر اینڈ ڈرینج مینجمنٹ پراجیکٹ معاہدہ پر دستخط
32کلومیٹر جدید ٹرنک سیور کی تعمیر سے سیوریج مسائل حل ہونگے :صوبائی وزیر
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں نکاسی آب نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے ۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار جدید ٹرنچ لیس ٹیکنالوجی کے استعمال سے لاہور میں تقریباً 32 کلومیٹر طویل ٹرنک سیور تعمیر کیا جائے گا، جس سے شہر کے دیرینہ سیوریج مسائل کے حل اور ماحولیاتی صورتحال میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے واسا ہیڈکوارٹرز میں لاہور ویسٹ واٹر اینڈ ڈرینج مینجمنٹ پراجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے بعد پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر ڈی جی واسا طیب فرید، وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز اور ایم ڈی واسا غفران احمد بھی موجود تھے۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر ہشام پرویز اور چینی جوائنٹ وینچر کے نمائندے وانگ چاؤژو نے معاہدے پر دستخط کیے۔ بلال یاسین نے بتایا کہ 155 ملین امریکی ڈالر کی لاگت سے شروع کیے جانیوالے اس منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں وسطی لاہور کے صدر چوک، گلشن راوی، گلبدن اور قرطبہ چوک کے علاقوں میں نکاسی آب نظام کو بہتر بنایا جائیگا۔ 848 کیوسک گنجائش کا جدید ڈسپوزل سٹیشن بھی تعمیر کیا جائیگا، کینٹ، گلبرگ، سینٹرل ڈرین اور آؤٹ فال چینل کی بحالی بھی منصوبے کا حصہ ہے ۔منصوبے سے تقریباً 23 لاکھ 50ہزار شہری مستفید ہونگے۔ جدید ٹرنچ لیس ٹیکنالوجی میں روایتی کھدائی کم اور سیوریج و بارشی پانی کی محفوظ نکاسی ممکن ہوگی۔ سنٹرل لاہور کو گندے پانی کے اخراج سے محفوظ بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments