پانی چوری کی روک تھام،آبِیانہ وصولی مؤثر بنائی جائے ، علی اکبر
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ آبپاشی پنجاب علی اکبر بھنڈر نے کہا ہے کہ نہری پانی چوری کی روک تھام کے ساتھ ای آبِیانہ نظام کے تحت آبپاشی واجبات کی وصولی بھی مؤثر بنائی جائے۔
کاشتکاروں کو ای آبِیانہ نظام، ادائیگی کے طریقہ کار اور واجبات بروقت جمع کروانے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے تاکہ وصولیوں کے مقررہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کے ہمراہ انسدادِ آبی چوری اور ای آبِیانہ مہم کے حوالے سے منعقدہ مشترکہ رابطہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس پی انویسٹی گیشن عمران چدھڑ، سپرنٹنڈنگ انجینئر محکمہ آبپاشی سمیت محکمہ آبپاشی کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی اکبر بھنڈر نے ہدایت کی کہ ای آبِیانہ کی وصولی کے عمل میں تیزی لائی جائے ، کاشتکاروں کو ادائیگی کے طریقہ کار سے مکمل آگاہ کیا جائے اور وصولیوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے ۔ انہوں نے نہری پانی چوری کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے اور متعلقہ محکموں کے درمیان رابطے کو مضبوط رکھنے پر بھی زور دیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے بتایا کہ ضلع بھر میں نہری پانی چوری کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں فیلڈ افسران کے ذریعے مؤثر نگرانی یقینی بنائیں اور خلاف ورزیوں کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments