تین مرلہ سکیم کے مکین صاف پانی ودیگرسہولتوں سے محروم
تیس سالہ پرانی واٹر ٹینکی ناکارہ، گلیوں ، مین روڈ پر تجاوزات ،نوٹس کا مطالبہ
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) گیارہ ڈبلیو بی کی تین مرلہ سکیم کے مکین پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ تقریباً 30 سال قبل تعمیر کی گئی واٹر ٹینکی ناکارہ ہو چکی ہے ، جس کے باعث اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ حکومتی ترقیاتی دعوؤں کے باوجود انتظامیہ مسائل حل کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے ۔شہریوں کے مطابق صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث خواتین، بچوں اور بزرگوں کو مختلف بیماریوں کا سامنا ہے ، جبکہ مین روڈ اور گلیوں میں تجاوزات کے باعث آمدورفت بھی متاثر ہو رہی ہے ۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ستھرا پنجاب مہم اور تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کے باوجود متعلقہ اداروں نے اس علاقے کے مسائل سے چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے ۔مکینوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور متوسط طبقے کی آبادیوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی نظرانداز کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ فرضی رپورٹس پر انحصار کرنے کے بجائے علاقے کا خود دورہ کریں اور صاف پانی سمیت دیگر مسائل کے حل اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments