پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ناقص کارکردگی ، 7 افسروں کو شوکاز
ہفتہ وار کارکردگی جائزہ اجلاس ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور ریلیف کا جائزہ لیاگیا
بھکر (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا ہفتہ وار کارکردگی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں پرائس کنٹرول اقدامات، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ناقص کارکردگی کے حامل 7 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے مارکیٹ میں ریلیف کی فراہمی کے لیے اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جائے ۔ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے کہا کہ گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بلا امتیاز اور بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ میں مؤثر چیکنگ، ریٹ لسٹس کی پابندی اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق پرائس کنٹرول کے نظام کو مؤثر بناتے ہوئے عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا، اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔