پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری
ڈیرہ جات کی تلاشی کے ساتھ افراد کی پولیس ایپلی کیشن کے ذریعے ویری فکیشن کی گئی
میانوالی (نامہ نگار )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے خصوصی احکامات کی روشنی میں میانوالی پولیس نے ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں کومبنگ اور سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا۔ڈی پی او میانوالی کیپٹن ریٹائرڈ رائے محمد اجمل کی زیر صدارت ان آپریشنز میں شر پسند عناصر اور کالعدم جماعت TLP کے کارکنان کی گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ ضلع بھر میں لا اینڈ آرڈر قائم رکھنے کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔میانوالی پولیس نے ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں دیگر حساس اداروں کے تعاون سے تھانہ صدر، پائی خیل، چھدرو اور پپلاں کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کیے ۔ دوران آپریشن گھروں اور ڈیرہ جات کی تلاشی کے ساتھ ساتھ افراد کی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے ویری فکیشن بھی کی گئی۔سرچ آپریشنز میں میانوالی پولیس کے افسران و اہلکاروں کے ساتھ ایلیٹ فورس اور لیڈی پولیس نے بھی بھرپور حصہ لیا۔ پولیس کے مطابق ان آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور عوامی تحفظ کے ساتھ پرامن ماحول کو برقرار رکھنا ہے ۔