پیرا فورس حکومت کیخلاف نفرت پیدا کر رہی :جماعت اسلامی
غریبوں کو روزگار سے محروم کرکے حکومت بددعائیں سمیٹ رہی: جاوید اقبال
میانوالی (نامہ نگار )حافظ جاوید اقبال ساجد، امیر جماعت اسلامی ضلع میانوالی نے کہا ہے کہ تہ بازاری کے نام پر غریب لوگوں کے روزگار کا خاتمہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے پیرا فورس کی کارروائیوں کو غریب عوام کے لیے عزرائیل قرار دیا اور کہا کہ اندھا دھند کارروائیاں حکومت کے خلاف شدید نفرت پیدا کر رہی ہیں۔حافظ جاوید اقبال ساجد نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی تجاوزات کے خلاف ہے اور تاجروں کو بھی اس سے گریز کرنا چاہیے ، تاہم سستا بازار میں کون سی تجاوزات تھیں؟ انہوں نے کہا کہ ضروری تھا کہ پہلے متعلقہ افراد کو کم از کم ایک ہفتے کا تحریری نوٹس دیا جاتا اور ان کے لیے متبادل جگہ کا انتظام کیا جاتا، لیکن پیرا فورس نے غریب ریڑھی والوں پر بلاامتیاز کارروائی کی۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کو روزگار سے محروم کرکے پنجاب حکومت بددعائیں اور نفرت سمیٹ رہی ہے ۔ حافظ جاوید نے مزید کہا کہ انتظامیہ اب ٹھیکیداروں کے سپرد ہو چکی ہے اور جماعت اسلامی اس قسم کے اقدامات کی بھرپور مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یہ روزگار کش اقدامات فوری طور پر بند کیے جائیں، ورنہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ نون بھی اس کی قیمت چکائے گی۔