ایل پی جی پر چلنے والی ہائی ایس بند، مسافروں کا احتجاج

 ایل پی جی پر چلنے والی ہائی ایس بند، مسافروں کا احتجاج

1500 روپے فی کس کرایہ دیا،پولیس گاڑی بند کر ے تو کرایہ دلائے ،مسافر

شاہ پور (نمائندہ دنیا) پٹرولنگ چوکی ہیڈ محمد آباد پر ایل پی جی پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فروکہ سے راولپنڈی جانے والی ایک ہائی ایس کو روک کر چیک کیا۔ دورانِ تلاشی گاڑی میں غیر قانونی طور پر نصب شدہ ایل پی جی سلنڈر برآمد کر لیے گئے ۔پولیس نے ڈرائیور امیر عباس سکنہ فروکہ کے خلاف تھانہ شاہ پور میں مقدمہ درج کر کے ڈرائیور اور گاڑی کو تھانے میں بند کر دیا۔ تاہم اس کارروائی کے بعد گاڑی میں سوار مسافروں نے شدید احتجاج کیا۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ انہوں نے راولپنڈی جانے کے لیے فی کس پندرہ سو روپے کرایہ ادا کیا ہے ۔مسافروں نے مطالبہ کیا کہ اگر پولیس گاڑی بند کرتی ہے تو ڈرائیور کو پابند کیا جائے کہ وہ مسافروں کو ادا کردہ کرایہ واپس کرے ۔ تاہم پولیس نے اس معاملے میں کسی بھی قسم کا کردار ادا کرنے سے انکار کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں