کلورکوٹ میں برطانوی دور کی کھنڈر نما میبل پولیس چوکی
رقبہ 3 ایکڑ،کئی کمرے گرچکے ،جوباقی ہیں ان کی چھتیں گرنے کے قریب ہیں وائرلیس نظام کھنڈر میں موجود،تھانے کا درجہ مل چکا،عمارت تعمیر کرنیکا مطالبہ
کلورکوٹ(نمائندہ دنیا )کلورکوٹ تحصیل ضلع بھکر میں جدید دور میں بھی ایک کھنڈرنما پولیس چوکی موجود ہے اس چوکی کا نام میبل پولیس چوکی ہے جو کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہے اوربھوت بنگلہ کا منظر پیش کر رہی ہے ،تفصیلات کے مطابق ضلع بھکر کی تحصیل کلورکوٹ کے علاقہ میبل شریف میں برٹش دور کی پولیس چوکی موجود ہے چوکی کے تمام کمرے گر چکے ہیں جو موجود ہیں انکی چھتیں گرنے کے قریب ہیں حوالات کی صورتحال بہت خراب ہے یہی وجہ ہے کہ میبل پولیس چوکی جن ملزمان کو گرفتار کرتی ہے ان کو 25 کلو میٹر دور تھانہ کلورکوٹ منتقل کر دیا جاتا ہے ، وائرلیس کا سارا نظام کھنڈرنما عمارت میں موجود ہے ،پولیس ذرائع کے مطابق میبل پولیس چوکی کو تھانے کا درجہ دے دیا گیا ہے ،میبل پولیس چوکی کا تین ایکڑ رقبہ موجود ہونے کے باوجود نئی بلڈنگ نہیں بنائی گئی ہے ۔میبل شریف کے سماجی کارکنوں ملک محبوب میبل،ملک محمد اسلم میبل اور دیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ کھنڈر کو گرا کر نئی عمارت تعمیر کی جائے ۔