بیوہ کی واپس کروائی گئی زمین پر دوبارہ قبضہ کر لیا گیا
بیوہ کی واپس کروائی گئی زمین پر دوبارہ قبضہ کر لیا گیا دھاوا بول کر تعمیرات مسمار کر دیں ،سامان غائب کر دیا گیا ،مقدمہ درج۔۔
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں 70سالہ بیوہ خاتون کو واپس کروائی گئی زمین پر ملزمان نے دھاوا بول کردوبارہ قبضہ کر لیا،بتایا جاتا ہے کہ شاہ نکڈر کی رہائشی 70سالہ بیوہ خاتون عزیزاں بی بی کو وزیر اعلیٰ مریم نواز کے حکم پرپراپرٹی اونر شپ آرڈیننس کے تحت ڈی آر سی کمیٹی نے محکمہ ریونیو کے ذریعے پولیس کی موجودگی میں جگہ کا قبضہ لے کر دیا اور محکمہ ریونیو افسران کی نگرانی میں موقع پر چار دیواری بنا کر گیٹ لگوایا گیا ،تاہم ناجائز قابضین نے ایک مرتبہ پھر مسلح ہو کر دھاوا بولتے ہوئے نہ صرف چار دیواری مسمار کر دی بلکہ تمام تعمیراتی میٹریل غائب کر کے زمین پر دوبارہ قبضہ جما لیا،اس دوران خاتون اور اسکے بیٹے مدثر نے منع کیا تو ملزمان نے ان پر اسلحہ تان کر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، اطلاع ملنے پر پولیس نے ممتاز وغیرہ 5نامزد اور5نا معلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔