ٹی ایچ کیو ہسپتال میں نو تعمیر شدہ سرجیکل ٹراما سنٹر کا افتتاح
عاصم شیر میکن ، عدنان اصغر، عابد ممتاز ، میاں سبحان پراچہ نے افتتا ح کیاکوشش ہے کہ یہاں پر عوام کو ہرقسم کی سہولت مہیا کر دی جائے ،مقررین
شاہ پورصدر(نامہ نگار) آج کے اس جدید دورمیں بھی شاہ پور کے عوام علاج معالجے کی بہتر سہولیات نہ ہونے کی و جہ سے دیگر علاقوں تک جانے پر مجبور ہیں ہماری کوشش ہے کہ یہاں پر عوام کو ہرقسم کی سہولت مہیا کی جائے تاکہ وہ اپنے ہی شہر میں بہتر علاج کے سہولیات حاصل کریں ،یہ بات پارلیمانی سیکرٹری سردار عاصم شیر میکن ،چیف ایگزیکٹو ہیلتھ ڈاکٹر عدنان اصغر، اسسٹنٹ کمشنر عابد ممتازخان، مخیر شخصیت میاں سبحان پراچہ نے تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال شاہ پور میں نو تعمیر شدہ سرجیکل ٹراما سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کہی ،سرجیکل ٹراما سنٹر کی تعمیر کیلئے خصوصی فنڈز ممتاز سماجی شخصیت میاں محمد عثمان پراچہ مرحوم کے صاحبزادے میاں سبحان پراچہ نے مہیا کئے ہیں ، خطاب کرتے ہوئے میاں عامرعطابھٹہ نے کہا کہ ایمرجنسی بلاک اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تعمیر کیلئے خطیر رقم بھی میاں محمد عثمان پراچہ نے فراہم کی تھی ،میاں سبحان پراچہ نے کہا کہ ان کے بزرگ عوامی فلاح و بہبود پر یقین رکھتے تھے ،ملک شہزاد پراچہ، عامر عطا بھٹہ، سردار فخرعباس میکن ،سردار مظہر حیات میکن اور دیگر موجود تھے ۔ چیف ایگزیکٹو ہیلتھ ڈاکٹر عدنان اصغر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نئی عمارت کی تعمیرسے نہ صرف مسائل کم ہوں گے بلکہ مریضوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی ۔