پختونخوا حکومت نے عوام کوغیرمحفوظ چھوڑدیا:حنیف عباسی
وزیراعلیٰ دوسرے صوبوں کے دورے کررہے ،لوگوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیںپی ٹی آئی میں مذاکرات کرنے والا کوئی نہیں،اسلام آبادمیں درخت لگائے جائیں
اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملک کی فلاح و بہبود پر ذاتی اقتدار کو ترجیح دینے پر پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا کے رہائشیوں کی جان، مال اور عزت کو غیر محفوظ چھوڑ رکھا ہے ۔ اتوار کواپنے ایک انٹر ویو میں وفاقی وزیر نے خیبرپختونخوا حکومت پرعوام کے تحفظ میں ناکامی اور صوبے میں دہشت گردوں کو سہولت فراہم کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کے پی کے کے لوگ غیر محفوظ ہیں، ان کی جان، مال اور عزت غیر محفوظ ہے جو صوبائی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
حنیف عباسی نے وزیر اعلیٰ کے پی کے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا وہ عوامی فلاح و بہبود اور ترقی پر توجہ دینے کے بجائے سیاسی معاملات کے لیے اکثر دوسرے صوبوں کا دورہ کرتے رہتے ہیں اور اپنی پارٹی قیادت کے مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔وفاقی وزیر نے متنبہ کیا کہ شہری مسلسل نظر اندازی برداشت نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی میں مذاکرات کرنے والا کوئی نہیں، لیڈر ہونے کا دعویٰ کرنے والے سنجیدہ نہیں اور بہت سے تو پارٹی کے حقیقی ارکان بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہااسلام آبادمیں اب تک لگائے گئے درختوں کی تعداد ناکافی ہے ، شہر بھر میں بڑے پیمانے پر درخت لگانے کی مہم چلائی جائے ۔